ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی کے ڈونگری میں مہاڈا کی چار منزلہ عمارت گری، 12 افراد ہلاک 

ممبئی کے ڈونگری میں مہاڈا کی چار منزلہ عمارت گری، 12 افراد ہلاک 

Tue, 16 Jul 2019 22:41:03    S.O. News Service

ممبئی،16/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) جنوبی ممبئی کے ڈونگری میں منگل کومہاڈا کی چار منزلہ رہائشی عمارت گر گئی۔گھنی آبادی علاقے میں واقع اس عمارت کے ملبے میں دب کر 12 لوگوں کی موت ہو گئی۔مقامی کے حکام نے بتایا کہ ملبے میں ابھی تک 40-50 لوگوں کے پھنسے ہونے کاخدشہ ہے۔ریاست کے رہائشی وزیررادھاکرشن وکھے پاٹل نے بتایاہے کہ جنوبی ممبئی کے ڈونگری میں ٹڈیل راستے پر ایک تنگ گلی میں واقع’کوثر باغ‘ بلڈنگ گرنے سے 12 افراد کی موت ہو گئی ہے۔بی ایم سی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے ایک اہلکارنے بتایاہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت کا ایک بڑا حصہ صبح تقریباً11 بج کر 40 منٹ پر گر گیا۔انتہائی گھنی آبادی اورتنگ سڑکوں والے علاقے میں واقع اس عمارت میں کافی لوگ رہ رہے تھے۔اس ملبے میں 40-50 لوگوں کے پھنسے ہونے کاخدشہ ہے۔فائر محکمہ، ممبئی پولیس اور بلدیاتی افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں لیکن تنگ سڑکوں کی وجہ سے راحت اوربچاؤکے کام میں دقتیں آرہی ہیں۔بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی امدادی کام میں مصروف ہیں اورملبے ہٹانے میں مددکررہے ہیں۔امدادی کام میں مددکے لیے نیشنل ڈیزاسٹرفورس(این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں بھی موقع پرپہنچ گئی ہیں۔ایمبولینس موقع پر نہیں پہنچ پا رہی ہے، اس لیے اس کو 50 میٹر کے فاصلے پر کھڑا کرنا پڑا۔موقع پر پہنچے ممبادیوی کے ممبراسمبلی امر پٹیل کا کہنا ہے کہ ہمارا اندازہ ہے کہ ملبے میں اب بھی 10-12 لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ایک اور ممبر اسمبلی بھائی جگتاپ کا کہنا ہے کہ باشندے مسلسل مہاڈا سے شکایت کر رہے تھے کہ عمارت بہت پرانی ہے اور انتہائی خستہ حال ہے۔اس عمارت کا مالکانہ حق مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ڈی اتھارٹی (مہاڈا) کے پاس ہے۔ادارے کے افسر موقع پر پہنچ گئے ہیں۔وہیں مہاڈا کا کہنا ہے کہ اس نے یہ عمارت دوبارہ تعمیر کے لئے ایک پرائیویٹ بلڈر کو دی گئی تھی اور وہ ذمہ دار شخص کے خلاف کارروائی کرے گی۔ 


Share: